یکم مئی سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت روزانہ بدل سکتی ہے۔ پٹرولیم کمپنیوں
نے بین الاقوامی مارکیٹ کے مطابق روزانہ تیل کی قیمتوں کا جائزہ لینے کا
فیصلہ کیا ہے۔ یہ منصوبہ شروع میں پانچ شہروں پڈوچیری، وشاکھاپٹنم، ادے
پور، جمشید پور اور چندی گڑھ میں پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر لاگو ہوگا۔ ویسے
تو تیل کمپنیاں ہر 15 دن میں تیل کی قیمتیں طے کرتی ہیں لیکن بین الاقوامی
سطح پر مسلسل ہو رہے بھاری اتار چڑھاو کی وجہ سے ہندوستان میں بھی روز تیل
کی قیمتوں کا جائزہ لیا جا سکتا
ہے۔
تیل کمپنی بھارت پٹرولیم، انڈین آئل اور ہندوستان پٹرولیم کی مانگ رہی ہے
کہ پٹرول-ڈیزل کے دام اب روزانہ طے کئے جائیں۔ تیل کمپنیوں کے مطالبے پر
حکومت کی جانب سے ایک پائلٹ پروجیکٹ بنایا گیا ہے۔ اس پائلٹ پروجیکٹ کو 1
مئی سے ملک کے پانچ شہروں میں لاگو کیا جائے گا۔ ان تینوں تیل کمپنیوں کے
ان پانچ شہروں میں 200 آوٹ لیٹس ہیں جہاں پر اس نئے دام پر روزانہ پٹرولیم
مصنوعات ملیں گی۔ اگر یہ پائلٹ پروجیکٹ کامیاب ہوتا ہے تو یہ کمپنیاں پورے
ملک میں اسے لاگو کرنے کے بارے میں غور کریں گی۔